حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حرم امام حسین علیہ السلام کے تحت شعبہ تبلیغ نے ماہِ محرم الحرام اور صفر کے تبلیغی پروگراموں کے آغاز سے قبل ایک سالانہ کانفرنس منعقد کی، جس میں عراق اور بیرونِ عراق سے ایک ہزار سے زائد مبلغین اور مبلغات نے شرکت کی۔ ’’محرم... ابدیت کی داستان‘‘ کے عنوان سے منعقدہ اس کانفرنس کا مقصد محرم و صفر کے دوران انجام دی جانے والی تبلیغی سرگرمیوں کی تیاری اور دینی رہنمائی کے اہم نکات کو مبلغین تک پہنچانا تھا۔
شعبہ تبلیغ کے سربراہ شیخ کریم جعفری نے اس موقع پر کہا کہ آستانِ حسینی ہر سال اس کانفرنس کا انعقاد کرتی ہے تاکہ مبلغین کو ان کی ذمہ داریوں اور معاشرتی تقاضوں سے آگاہ کیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ کانفرنس کا اہم ترین محور آیت اللہ العظمی سیستانی کی جانب سے دی جانے والی ہدایات اور رہنمائی کی تشریح ہے، کیونکہ یہ رہنما اصول عراق کے امن، استحکام اور سماجی ہم آہنگی کے تحفظ میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں شریک ایک ہزار سے زائد مبلغین اور مبلغات کو محرم اور صفر کے دوران عراق کے مختلف علاقوں، بصرہ سے لے کر کردستان ریجن تک، تبلیغی خدمات کے لیے بھیجا جائے گا۔ اس کے علاوہ بعض خطباء اور مبلغین پاکستان، افریقی ممالک اور ایران سمیت دیگر ممالک میں بھی تبلیغی مشن انجام دیں گے۔
شیخ جعفری نے واضح کیا کہ اس اجتماع کا بنیادی ہدف مرجعیتِ دینی کے پیغامات اور ہدایات کو منبرِ حسینی کے ذریعے عوام تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منبرِ حسینی اصلاحِ معاشرہ، فکری رہنمائی اور اخلاقی تربیت کا مؤثر ذریعہ ہے، جسے سماجی مسائل کے حل، باہمی رواداری کے فروغ اور انتہا پسندی و فرقہ واریت کے خاتمے میں فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مرجعیتِ دینی وہ مضبوط رشتہ ہے جو پیغامِ نبوی اور معاشرے کے درمیان رابطے کو برقرار رکھتا ہے، اس لیے اس کی آراء اور ہدایات کو عوام تک منتقل کرنا قومی مفاد، سماجی وحدت اور استحکام کے لیے نہایت ضروری ہے۔









آپ کا تبصرہ